Sunday, January 31, 2021

Ruling On Expenses For Furnishing And Burial Of The Deceased

 سُوال : شادی شُدہ بہنوں یا  بیٹیوں کا اِنتقال ہو جائے تو ہمارے یہاں اُن کی  تجہیز و تکفین کا خرچ والدین اُٹھاتے ہیں ، اس کا  کیا حکم ہے ؟نیز ان کے اِیصالِ ثواب کے لیے کی جانے والی قرآن خوانی وغیرہ میں ہونے والے اَخراجات کا کیا حکم ہے ؟

جواب : مَیِّت کو کفن دینا فرضِ کفایہ  ہے ، يوں ہی مَیِّت کو دَفن کرنا بھی فرضِ کفایہ ہے ۔ (درمختار  مع  ردالمحتار ، کتاب الصلٰوة ، باب صلا ة  الجنازة ، ۳ /  ۱۲۱۱۶۳ دار المعرفة بیروت)مَیِّت نے جو مال چھوڑا اس میں سے بھی کفن  دے سکتے ہیں اور اگر خاندان میں سے کوئی دوسرا شخص اپنے طور پر کفن دینا چاہے تو وہ بھی دے سکتا ہے ۔ یہاں تک کہ اگر خاندان میں  کوئی کفن دینے والانہیں تو کوئی بھی مسلمان کفن دے دے تو فرضِ کفایہ  اَدا ہو جائے گا ۔ اَلبتہ عورت نے اگرچہ مال چھوڑا اُس کا کفن شوہر کے ذِمَّہ ہے بشرطیکہ موت کے وقت کوئی ایسی بات نہ پائی گئی جس سے عورت کا نفقہ شوہر پر سے ساقِط ہو جاتا ۔ (بہارِ شریعت ، ۱ / ۸۲۰ ، حصہ : ۴ مکتبۃ المدینہ باب المدینہ کراچی)

Is It Better To Recite Tasbeeh With The Tongue Or In The Heart?

 سُوال : ذِکر و اَذکار ىا نماز کے بعد تسبىحِ فاطمہ زبان سے پڑھنا بہتر ہے ىا بغىر زبان ہلائے دِل میں پڑھنا افضل ہے ؟ (سوشل میڈیا کے ذَریعے بلوچستان سے سُوال)

جواب : جہاں کچھ پڑھنا ہوتا ہے تو وہاں زبان سے پڑھنا ضَروری ہے اور آواز بھی اتنى ہو کہ عُذر نہ ہونے کی صورت میں اپنے کانوں سے سُن لے ۔  لہٰذا تسبىحِ فاطمہ بھى زبان سے پڑھنى ہو گى ۔

Is It Obligatory To Respond To Parrot Greetings? Intention Is Necessary For Reward

 سُوال : طوطے کو سَلام کرنا سکھاىا گیا ہے ، اب وہ بار بار سَلام کرتا ہے تو کىا اس کے سلام  کا جواب دىنا بھی  واجب ہو گا؟ (میسج کے ذَریعے سُوال)

جواب : طوطے کے سَلام کا جواب دینا  واجِب نہىں ۔


سُوال : اِسلامى مُعاشرے مىں اللہ  پاک کى عبادت کرنے کے ساتھ ساتھ ناپ تول پورا کرنے ، غرىبوں کى مدد کرنے ، اچھے اَخلاق سے پىش آنے ، دوسروں کو تکلىف نہ دىنے وغیرہ باتوں کا بھى ذہن دىا جاتا ہے تو یہ اِرشاد فرمائیے کہ کىا اِن کاموں کو کرنے سے پہلے بھى اچھی نىت  ضَرورى ہے ؟

جواب : کسی بھی مُباح(یعنی جائز) کام میں ثواب جبھی ملے گا جب وہ  اچھی نیت سے کیا جائے گا اور جو چیز باعثِ ثواب ہے اس میں بِلا نیت بھی ثواب ہے ۔  اَلبتہ اس میں مزید اچھی نیتیں کر کے ثواب بڑھایا جا سکتا ہے ۔ لہٰذا اِن کاموں میں بھی اچھی اچھی  نیتیں کر لینی چاہئیں ۔  یاد رَکھیے !اَعمال کا دارومدار نىتوں پر ہے  تو جىسى نىت وىسا اس کا پھل ۔

Survival Of Mosques And Shrines In A Terrible Storm

 سُوال : گزشتہ دِنوں انڈونىشىا میں خوفناک سونامى آىا ۔  مناظر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طوفان کے سبب پوری بستی ملبے کا ڈھیر بن گئی لیکن ایک مسجد بالکل صحىح سلامت دِکھائى دے رہى ہے تو مسجد کے اس طرح بچ جانے کو معجزہ ىا کرامت کہا جا سکتا ہے ؟

جواب : مسجد کے بچ جانے کو معجزہ نہیں کہا جاسکتا اس لیے کہ معجزہ نبی سے اِعلان نبوت کے بعد ظاہر ہوتا ہے ۔ البتہ اتنے شدید طوفان یا زلزلے میں کوئی مسجد یا مزار شریف سلامت رہے تو اسے اللہ پاک کى رَحمت کہہ سکتے ہیں ۔  اگر سلامت نہ بھی رہیں جب بھی مسجد یا مزار شریف  کی عظمت پر  کوئی حَرف نہیں آئے گا ۔  خود کعبہ شرىف کى تارىخ مىں اىسا ملتا ہے کہ سىلاب کی وجہ سے شہید ہو گیا تھا ۔  نیز جب ىزىدى لشکر نے منجنىق کے ذَرىعے پتھر بَرسائے تھے تو اس وقت بھی کعبہ شرىف کے غلاف مىں آگ لگ گئی تھی ۔  تو مُقَدَّس مقامات یا جگہوں پر کوئى اچھى علامت نظر آئے تو مَرحبا لیکن اگر اس طرح کا کوئى نقصان ہو جائے تو ان کی عظمت و شان پر شک و شُبہ نہیں کیا جا سکتا ۔  

How To Recite Kalma Sharif While Walking?

 سُوال : مىں اُٹھتے بیٹھتے ، چلتے پھرتے کلمہ شرىف پڑھتا رہتا ہوں تو کیا ایسا کرنا دُرُست ہے ۔  (مدینۂ مُنَوَّرہ سے سُوال) 

جواب : اُٹھتے بىٹھتے ، چلتے پھرتے کلمۂ طَىِّبَہ پڑھنا اچھى بات ہے البتہ بیتُ الخلا اور دِیگر گندى جگہوں پر پڑھنے سے بچنا  ہو گا ۔

Why The Three Steps Of The Pulpit?

 سُوال : مسجد مىں جو منبر شرىف ہوتا ہے تو اس کى تىن سىڑھىاں ہی کىوں ہوتی ہىں؟ (ہند سے سُوال)

جواب : منبر کے تین زینے ہونا شروع سے چلا آرہا ہے ۔ اب بھی تقریباً تمام ہی مَساجد میں تین زینوں والا منبر ہوتا ہے ۔ جب مىری مَدینةُ الْمُرْشِد بَرىلى شرىف حاضِری ہوئی  تو مسجدِ رضا میں اعلىٰ حضرت  عَلَیْہِ رَحْمَۃُرَبِّ الْعِزَّت کے منبر شریف  کی  زیارت بھی ہوئی تھی جو تىن سىڑھىوں والا تھا ۔ مسجدِ نبوی شریف عَلٰی صَاحِبِھَا الصَّلٰوۃُ  وَ السَّلَام کے منبر مُبارَک کی تفصیل دعوتِ اسلامی کے اِشاعتی اِدارے مکتبۃ المدینہ کی 328 صَفحات پر مشتمل کتاب ” عاشقانِ رَسول کی 130 حکایات “ میں دیکھی جا سکتی ہے ۔

What Should Be The Weight In Terms Of Height?

 سُوال : اَلْحَمْدُلِلّٰہ عَزَّوَجَلَّ اِس سال(یعنی ۱۴۳۹؁ھ میں)حج کے موقع پر مکۂ مکرمہ زَادَہَا اللّٰہُ شَرَفًاوَّتَعْظِیْماً مىں آپ سے مُلاقات کى سَعادت حاصِل ہوئى تھى ۔  آپ نے مجھے  دَم کرنے کے ساتھ ساتھ وزن کم کرنے کی تَرغیب دِلائی تھی ۔ جس پر لَبَّیْک کہتے ہوئے میں نے ایک ماہ میں11 کلو وزن کم کر لیا ہے اور مزید کم کرنے کی کوشش جاری ہے ۔ بعض لوگوں نے کہا ہے کہ وزن کم کرنے سے اَندرونی کمزوری ہو سکتی ہے ۔ اس پر آپ کچھ مَدَنی پھول اِرشاد فرما دیجئے ۔  (موریشس سے سُوال)  

جواب : اللہ  کرىم آپ کو صحت ، عافیت اور راحتوں والی زندگى نصیب کرے ۔ وزن کم کرنا اچھی بات ہے لیکن یہ آہستہ آہستہ ہو تو مُفید رہتا ہے ۔ اگر جَذبات میں آکر یکدم وزن کم کریں گے جیساکہ آپ نے ایک ماہ میں 11 کلو (11.Kgوزن کم کر لیا تو یہ کمزوری کا سبب بَن سکتا ہے لہٰذا اِعتدال سے کام لیتے ہوئے ہر ماہ پانچ کلو وزن کم کرنے کا ہَدف بنا لیجئے ۔ یاد رہے کہ وزن بہت زیادہ کم ہوجانا بھی نقصان دِہ ہوسکتا ہے لہٰذا اچھی صحت کے لیے قد کے مُطابق وزن ہونا چاہیے مثلاً اگر کسی کا قد چھ فٹ ہے تو اس کا وزن اوسطاً 72 کلو ہونا چاہیے  یعنی ایک اِنچ پر ایک کلو وزن ۔ چونکہ چھ فٹ میں 72 اِنچ ہوتے ہیں تو یوں اوسطاً 72 کلو وزن ہونا چاہیے ۔