Thursday, August 6, 2026

شانِ واوصافِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا قرآنی تذکرہ - 1

کائنات کی تمام مخلوقات میں سب سے اشرف، سب سے افضل اور سب سے عظیم ہستی حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذاتِ اقدس ہے۔ آپ تمام انبیاء کے سردار، ساری کائنات کے لیے رحمت اور اللہ کے سب سے محبوب بندے ہیں۔

قرآنِ کریم، جو اللہ کا کلام اور ہر دور کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہے، اس میں بے شمار مقامات پر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شانِ اقدس کو بیان کیا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے خود اپنے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا تعارف ان الفاظ میں کرایا کہ آپ رحمتہ للعالمین ہیں، خاتم النبیین ہیں، سراجِ منیر ہیں اور انسانیت کے لیے اسوۂ حسنہ کے کامل مرکز ہیں۔

اس مضمون میں قرآنِ کریم کی آیاتِ مبارکہ کی روشنی میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مختلف صفات اور مقامات کو یکجا کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ ہر مسلمان کے دل میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت، عظمت اور ادب مزید راسخ ہو۔

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ساری کائنات کے لیے رہنما ہیں

حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اللہ کے رسول ہیں، اللہ کریم نے آپ کو تمام انسانیت کے لیے اپنا رسول بنا کر بھیجا۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اللہ کے آخری اور سب سے محبوب پیغمبر ہیں جن کی رسالت پر ایمان لانا ہر مسلمان پر فرض ہے۔

وَمَا أَرْسَلْنَاكَ إِلَّا كَآفَّةً لِلنَّاسِ بَشِيرًا وَنَذِيرًا

اور اے محبوب ہم نے تم کو نہ بھیجا مگر ایسی رسالت سے جو تمام آدمیوں کو گھیرنے والی ہے خوشخبری دیتا اور ڈر سناتا۔

ترجمہ کنزالایمان (پ 22، سبا: 28)

قُلْ يَا أَيُّهَا النَّاسُ إِنِّي رَسُولُ اللَّهِ إِلَيْكُمْ جَمِيعًا

تم فرماؤ اے لوگو میں تم سب کی طرف اس اللہ کا رسول ہوں۔

ترجمہ کنزالایمان (پ 9، الاعراف: 158)

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر اللہ درود بھیجتا ہے

اللہ تعالیٰ خود اپنے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود بھیجتا ہے اور فرشتے بھی۔ آپ کا ذکر بلند کرنا اللہ کی سنت ہے اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سب سے محبوب بندے ہیں۔

إِنَّ اللَّهَ وَمَلَائِكَتَهُ يُصَلُّونَ عَلَى النَّبِيِّ ۚ يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا صَلَّوْا عَلَيْهِ وَسَلِّمُوا تَسْلِيمًا

بے شک اللہ اور اس کے فرشتے درود بھیجتے ہیں اس غیب بتانے والے (نبی) پر اے ایمان والو ان پر درود اور خوب سلام بھیجو۔

ترجمہ کنزالایمان (پ 22، الاحزاب: 56)

وَرَفَعْنَا لَكَ ذِكْرَكَ

اور ہم نے تمہارے لیے تمہارا ذکر بلند کر دیا۔

ترجمہ کنزالایمان (پ 30، الم نشرح: 4)

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اطاعت فرض ہے

حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اطاعت ایمان کا لازمی حصہ ہے۔ جو حکم آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دیں اسے قبول کرنا اور جس سے روکیں اس سے رکنا ہر مومن پر واجب ہے۔

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا أَطِيعُوا اللَّهَ وَأَطِيعُوا الرَّسُولَ

اے ایمان والو حکم مانو اللہ کا اور حکم مانو رسول کا۔

ترجمہ کنزالایمان (پ 5، النساء: 59)

وَمَا آتَاكُمُ الرَّسُولُ فَخُذُوهُ وَمَا نَهَاكُمْ عَنْهُ فَانْتَهُوا

اور جو کچھ تمہیں رسول عطا فرمائیں وہ لو اور جس سے منع فرمائیں باز رہو۔

 ترجمہ کنزالایمان (پ 28، الحشر: 7)

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اطاعت اللہ کی اطاعت ہے

اللہ تعالیٰ نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اطاعت کو اپنی اطاعت قرار دیا ہے۔ نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پیروی ہی اللہ کی بندگی کا عملی مظہر ہے۔

مَنْ يُطِعِ الرَّسُولَ فَقَدْ أَطَاعَ اللَّهَ

جس نے رسول کا حکم مانا بے شک اُس نے اللہ کا حکم مانا۔

ترجمہ کنزالایمان (پ 5، النساء: 80)

وَمَنْ يُطِعِ اللَّهَ وَرَسُولَهُ فَقَدْ فَازَ فَوْزًا عَظِيمًا

اور جو اللہ اور اس کے رسول کی فرمانبرداری کرے اس نے بڑی کامیابی پائی۔

ترجمہ کنزالایمان (پ 22، الاحزاب: 71)

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ساری کائنات کے لیے رحمت ہیں

آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اللہ نے تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحمت انسانوں، جنوں، حیوانات اور کائنات کی ہر مخلوق کے لیے ہے۔

وَمَا أَرْسَلْنَاكَ إِلَّا رَحْمَةً لِلْعَالَمِينَ

اور ہم نے تمہیں نہ بھیجا مگر رحمت سارے جہان کے لیے۔

ترجمہ کنزالایمان (پ 17، الانبیاء: 107)

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سب سے آخری نبی اور رسول ہیں

آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خاتم النبیین ہیں یعنی نبوت کا سلسلہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر ختم ہو گیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد کوئی نیا نبی نہیں آئے گا۔

مَا كَانَ مُحَمَّدٌ أَبَا أَحَدٍ مِنْ رِجَالِكُمْ وَلَكِنْ رَسُولَ اللَّهِ وَخَاتَمَ النَّبِيِّينَ

محمد تمہارے مردوں میں کسی کے باپ نہیں ہاں اللہ کے رسول ہیں اور سب نبیوں میں پچھلے۔

ترجمہ کنزالایمان (پ 22، الاحزاب: 40)

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم امانتِ الہی قرآن کے امین ہیں

اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے قلب مبارک پر نازل فرمایا اور اسے امت تک پہنچانے کی ذمہ داری سونپی، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس امانت کو کماحقہ امت تک پہنچایا:

وَإِنَّهُ لَتَنْزِيلُ رَبِّ الْعَالَمِينَ ۝ نَزَلَ بِهِ الرُّوحُ الْأَمِينُ ۝ عَلَى قَلْبِكَ لِتَكُونَ مِنَ الْمُنْذِرِينَ

اور بے شک یہ قرآن رب العالمین کا اُتارا ہوا ہے اُس سے روح الامین لے کر اُترا تمہارے دل پر کہ تم ڈر سناؤ۔

ترجمہ کنزالایمان (پ 19، الشعراء: 192 تا 194)

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم انسانیت کے لیے عملی نمونہ کامل ہیں

آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیاتِ طیبہ مسلمانوں کے لیے مکمل نمونہ عمل ہے۔ زندگی کے ہر شعبے میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پیروی ہی کی کامیابی کی ضمانت ہے۔

لَقَدْ كَانَ لَكُمْ فِي رَسُولِ اللَّهِ أُسْوَةٌ حَسَنَةٌ

بے شک تمہیں رسول اللہ کی پیروی بہتر ہے۔

ترجمہ کنزالایمان (پ 21، الاحزاب: 21)

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اخلاق کے سب سے اعلیٰ مرکز ہیں

اللہ تعالیٰ نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اخلاق کو عظیم قرار دیا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اخلاق کریمانہ ہی رہتی دنیا تک کے لیے معیارِ خلق ہیں۔

وَإِنَّكَ لَعَلَى خُلُقٍ عَظِيمٍ

اور بیشک تمہاری خو بو بڑی شان کی ہے۔

ترجمہ کنزالایمان (پ 29، القلم: 4)

No comments:

Post a Comment